ادبی تحقیقات اور علمی مقالات: تحقیق و تطبیق قواعد صرفی مستدرک الصحیحین ج اول محقق گرانقدر جناب مہر فرحت عباس آف خوشاب نے اس موضوع میں ایم فل کی تحقیق پیش کی اور اس موضوع کو بہترین انداز میں مکمل کیا ہے ۔یہ کتاب اپنے موضوع میں نہایت مفید اور علمی خدمت ہے ۔ نقد ابن ہشام بر آراء ادبی زمخشری محققین گروہ علمی میراث علمی مکتب اہل بیت ع نے قم میں اس موضوع پر علمی تحقیق پیش کی اور اسے بہترین انداز میں مکمل کیا اور اس پر محققین فن کی طرف سے تحسین اور قدردانی کی گئی ۔یہ جامع اور علمی تحقیق فارسی زبان میں تحریر ہوئی اس کے مقدمات علمی میں ابن ہشام و مغنی اور زمخشری کی علمی ادبی خدمت پہ تفصیل سے روشنی ڈالی گئی ہے ۔ اور اصلی ابحاث میں ادبی آراء اور اختلاف نظر کو ادلہ کے ساتھ لکھا اور ان کا نقد پیش کیا گیا ہے ۔ تحقیق ادبی علامہ ساجد سبحانی علامہ محقق ساجد سبحانی جامعۃ المنتظر لاہور کے فارغ التحصیل ہیں اور انہوں نے اپنی اعلی دینی تعلیم قم سے حاصل کی اور اسلام آباد میں تدریس کی خدمات انجام دیں انہوں نے جامعۃ المنتظر لاہور سے 1985 میں مبادی الاصول ڈاکٹر عبدالہادی فضلی کا ترجمہ نشر عام کیا تھا جس پر اس وقت کے جید علماء و محققین کی تقریظ موجود تھی۔ اس علمی کام سے ان کی علمی مہارتیں واضح ہوتی ہیں انہوں نے اسلام آباد میں ادبیات میں پی ایچ ڈی مکمل کی اور علمی ترین موضوع میں ادبی تحقیق پیش کی اور ان کی شہرت علمی بھی اس موضوع میں اس بات کی گواہ ہے ۔ علوم ادبی میں تشیع کا امتیاز تنبیہ المریب شرح مغنی الادیب کے مقدمہ علمی میں اس موضوع پر تفصیل سے بحث کی گئی اور ادبی علوم میں خاص کر علم نحو میں امام علی کا تقدم اور ان کے شاگردابو الاسود دوئلی کی خدمات کا ذکر ہوا اورا س کے بعد شیعہ علماء نحو کی تاریخ وار ذکرکیا گیا ہے ۔ فیض اور جواہری کی شاعری کا تقابلی جائزہ محقق گرانقدر سید وقار شاہ صاحب نجفی نے اس موضوع پر تحقیقی مقالہ پی ایچ ڈی کیلئے تحریر کیا۔ محقق مذکور علامہ سید حشمت علی کے علمی خاندان کے چشم و چراغ اور ان کی علمی اور تحقیقی روایتوں کے وارثین میں ممتاز حیثیت کے حامل ہیں اور اعلی دینی اور دنیاوی تعلیم اور مہارتوں کے حامل ہیں انہیں بیک وقت کئی علوم و فنون میں ملکہ حاصل ہے اور علم کلام و فلسفہ ،اصول و فقہ وغیرہ کے علاوہ ادبیات میں بھی اپنی اس تحریر کے ساتھ بہترین طریقے سے عہدہ برآہوئے ہیں ۔ ادبی مقالہ غلام محمد شریفی محقق گرانقدر جناب غلام محمد شریفی صاحب کا اعلی تعلیم ڈگری کیلئے تحقیقی مقالہ ادبیات میں پیش ہوا اور محقق نے بہترین انداز میں اس کو مکمل کیا اور اپنی مہارتوں کو آزمایا ہے، خداوند متعال ایسے محققین کو مزید توفیقات اور علمی خدمات سے نوازے۔ ادبی مقالہ دراسہ اشعار رثاء محقق محترم یاسر شاہ صاحب نے مرثیہ اوررثائی اشعار کی تحقیق میں ادبی تحقیقی مقالہ تحریر کیا اور اس موضوع کو عمدہ طریقہ سے کامل کیا ہے ۔ تحقیقات ادبی محققین برصغیر جامعۃ المصطفی ص جامعۃ المصطفی العالمیہ ص حوزہ علمیہ قم میں بین الاقوامی تحقیقی تعلیمی ادارہ ہے جس میں سینکڑوں ملکوں کے محققین تحقیق و تعلیم میں مصروف ہیں ۔ان میں برصغیر کے بہت سے محققین نے ادبیات میں اعلی ادبی مہارتیں حاصل کی ہیں اور اس موضوع میں بہت سی تحقیقات تالیف کی ہیں ان کی جامع فہرست مرتب ہو جائے تو برصغیر کے محققین کا ادبی امتیاز سمجھ میں آسکتا ہے لیکن اس اقدام کیلئے ادارہ اور محققین کی مشترکہ صوابدید کی ضرورت ہے تاکہ یہ جامع فہرست مرتب ہونے کے مراحل طے ہوں۔ ترجمہ مجازات نبویہ سید رضی علامہ سید محمد بن حسین رضی بغدادی نے جیسے نہج البلاغہ تحریر کی اورامام علی کے ادبی اور فصیح و بلیغ کلام کو جمع کرکے عالم اسلام کی بہترین خدمت کی اور اس کے سینکڑوں ادبی تراجم و حواشی و شروحات اردو میں پیش کئے گئے ہیں اس طرح انہوں نے نبی اکرمﷺکے کلمات سے فصیح و بلیغ کلمات کو جمع کیا اور ان کے ادبی پہلووں کی وضاحت کی تھی لیکن اس علمی ادبی کتاب کا ترجمہ کافی عرصہ پیش نہیں ہوا ۔ میراث علمی مکتب اہل بیت ع کے محققین نے اس علمی ادبی سرمایہ کو اردو میں پیش کیا ۔